پاکستان میں ٹویوٹا یارس لاکھوں روپے سستی ہو گئی

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

پاکستان میں گاڑیوں کی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے مقابلے کے درمیان ٹویوٹا (Toyota)انڈس موٹر کمپنی نے اپنی مقبول سیڈان گاڑی یارس کی قیمت میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹویوٹا یارس 1.5 اے ٹی آئی وی ایکس سی وی ٹی کی قیمت میں لاکھوں روپے کمی کر دی ہے، جس کے بعد آٹو مارکیٹ میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا یارس 1.5 اے ٹی آئی وی ایکس سی وی ٹی بلیک انٹیریئر ویریئنٹ کی قیمت میں 4 لاکھ روپے کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ یہ گاڑی پہلے 64 لاکھ 49 ہزار روپے کی ایکس فیکٹری قیمت پر فروخت ہو رہی تھی، تاہم اب اس کی نئی قیمت 60 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح اسی ماڈل کے بیج انٹیریئر ویریئنٹ کی قیمت میں بھی 3 لاکھ 90 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 63 لاکھ 89 ہزار روپے سے کم ہو کر 59 لاکھ 99 ہزار روپے رہ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹویوٹا کی جانب سے یہ بڑا اقدام حالیہ دنوں میں Hyundai Nishat Motors کی جانب سے متعارف کرائی گئی Hyundai Elantra 1.6L اسپیشل ایڈیشن کے بعد سامنے آیا ہے۔ ہنڈائی نے اپنی نئی ایلانٹرا اسپیشل ایڈیشن 64 لاکھ 49 ہزار روپے کی قیمت پر لانچ کی تھی، جس میں متعدد جدید اور پریمیم فیچرز شامل کیے گئے تھے۔ یہی قیمت اس سے قبل ٹویوٹا یارس 1.5 اے ٹی آئی وی ایکس سی وی ٹی بلیک انٹیریئر ویریئنٹ کی بھی تھی۔

مزیدپڑھیں:ٹرمپ شی ملاقات کے پس پردہ امریکا اور چین کے سکیورٹی ادارے آمنے سامنے

آٹو انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں سیڈان گاڑیوں کے شعبے میں مقابلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کمپنیاں صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے قیمتوں میں کمی اور اضافی سہولیات فراہم کرنے پر مجبور ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق ٹویوٹا کی جانب سے یارس کی قیمت میں کمی دراصل مارکیٹ شیئر برقرار رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نئی قیمتیں محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں اور ان کا اطلاق صرف اسٹاک کی دستیابی تک ہوگا۔ کمپنی کے اس اعلان کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے دلچسپی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے جبکہ آٹو مارکیٹ میں دیگر کمپنیوں کی ممکنہ حکمت عملی پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔