پاکستان(Pakistan) اور بنگلا دیش(Bangladesh) کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن میچ آج سلہٹ میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے اور کھیل کے ابتدائی سیشنز میں مقابلہ کافی دلچسپ صورتحال اختیار کر چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی بولنگ اٹیک نے ابتدا میں ہی دباؤ قائم کر دیا۔ اس وقت تک بنگلا دیش کے 4 کھلاڑی 106 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے ہیں، جس سے میچ میں پاکستان کی واپسی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے اس میچ کے لیے اپنے اسکواڈ میں تین اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ امام الحق، شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی کو آرام دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:گورننس مسائل پر کرکٹ کینیڈا کو بڑا مالی دھچکا،آئی سی سی نے فنڈنگ روک دی
تجزیہ کاروں کے مطابق بابر اعظم کی واپسی سے بیٹنگ لائن مضبوط ہوئی ہے، جبکہ ساجد خان اور خرم شہزاد کی شمولیت سے بولنگ اٹیک میں بھی نیا توازن آیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے یہ تبدیلیاں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد کی گئی ہیں تاکہ سیریز میں واپسی ممکن بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلا دیش کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو سیریز جیتنے کے لیے محض ایک اور کامیابی درکار ہے، جبکہ پاکستان کے لیے یہ میچ انتہائی اہم حیثیت اختیار کر چکا ہے۔












ہفتہ 16 مئی 2026 