وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک غیر مجاز ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بحرین جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات پر آف لوڈ کیا گیا، جس کے بعد تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران پاسپورٹ میں جعلی اسپین ویزا اور مختلف ممالک کے مشتبہ امیگریشن اسٹیمپس سامنے آئے۔
تحقیقات کے دوران مسافر نے اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی ٹریول ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے کے جعلی اور غیر قانونی اشتہارات چلاتا ہے۔
مزید پڑھیں؛کانگو میں ایبولا کی نئی وبا، درجنوں ہلاکتیں رپورٹ
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں، جن میں یورپ جانے کے ڈنکی روٹس، جعلی ویزوں کی تفصیلات، اور بڑے پیمانے پر مالی لین دین کے ریکارڈ شامل ہیں۔
مزید برآں مختلف افراد کے سفری و تعلیمی دستاویزات، متعدد سم کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز اور مشتبہ چیٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم جعلی ویزوں اور ایڈٹ شدہ دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔












ہفتہ 16 مئی 2026 