فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

Calender Icon منگل 19 مئی 2026

پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف(CDF)، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے کالج میں اعلیٰ معیار کی تربیت، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی اور فرض شناسی کے باعث نمایاں رہے ہیں۔

انہوں نے جدید جنگوں کی تیزی سے بدلتی نوعیت کا ذکر کرتے ہوئے ابھرتی ٹیکنالوجی، کثیر الجہتی کارروائیوں، تینوں مسلح افواج کے باہمی اشتراک اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسران اور جوانوں کو بدلتی جنگی صورتحال کے مطابق مسلسل تربیت دی جانی چاہیے تاکہ ہر قسم کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جھوٹے پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور عوام کے اتحاد کے باعث پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی عوامی بہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات کو بھی سراہا۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی بھی تعریف کی۔

کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔