وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ(Ata Tarar) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں ۔
یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گورننس کے نظام، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری سمیت مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وفد کو پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کو حالیہ دہائیوں میں ہونے والی اہم پیشرفت قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں جبکہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تربیتی و استعداد کار بڑھانے والے اداروں کے درمیان تعاون، فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق اور تربیتی ماڈیولز کی تیاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
مزیدپڑھیں:مقبوضہ کمشیر میں متعصب بھارتی انتظامیہ نے درجنوں گھر مسمار کر دیے
وفاقی وزیر اطلاعات نے سول سروس اکیڈمی کی جانب سے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت پروگرام کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہا۔ بنگلہ دیشی سول سروس افسران کے وفد نے پاکستان کے انتظامی ڈھانچے اور مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کو دوطرفہ روابط اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کے حوالے سے مثبت اور تعمیری قرار دیا گیا۔ ملاقات میں موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لئے دوطرفہ روابط انتہائی اہم ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سی ٹی پی، سول سروس اکیڈمی سید شبیر اکبر زیدی نے وفد کو سول سروس اکیڈمی کے اغراض و مقاصد، جدید تربیتی نظام، کورس ماڈیولز، مطالعاتی پروگرامز اور استعداد کار بڑھانے کے مختلف اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔ وفد کے ارکان میں سلمیٰ صدیقہ مہتاب، محمد مصطفیٰ جمال حیدر، ابو ریحان میاح، فیروز احمد، محمد منیر الاسلام، توفیق امام، ریحان اختر، احتشام الحق، محمد شمس الحق، محمد عبدالسلام، ذی الرحمان، ضیا احمد ثمن شامل تھے۔












جمعہ 22 مئی 2026 