برطانیہ کے مشہور ریڈیو اسٹیشن ریڈیو کیرولائن نے کنگ چارلس سوم کی موت کے بارے میں غلط خبر نشر کرنے پر عوام اور شاہی خاندان سے معذرت کرلی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب اسٹوڈیو کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث کنگ چارلس سوم کے انتقال کا خصوصی پروٹوکول خودکار طور پر فعال ہو گیا اور ریڈیو اسٹیشن نے چند لمحوں کے لیے ان کی موت کی خبر نشر کر دی۔
ریڈیو اسٹیشن کے منیجر پیٹر مور نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے تمام ریڈیو اسٹیشنز کے پاس بادشاہ یا ملکہ کے انتقال کی صورت میں ایک مخصوص نشریاتی طریقہ کار موجود ہوتا ہے، لیکن اس بار یہ نظام غلطی سے فعال ہو گیا۔ اس کے بعد اسٹیشن نے چند لمحوں کے لیے نشریات معطل کر دی اور عملے کو صورتحال کا علم ہونے کے بعد پروگرام دوبارہ بحال کر کے آن ائیر معذرت نشر کی گئی۔
مزیدپڑھیں:ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے نئے سیزن کا آغاز نومبر میں ہوگا
پیٹر مور نے کہا کہ اسٹیشن اپنے سامعین اور شاہ چارلس سے اس غلطی اور پیدا ہونے والی پریشانی پر دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہے۔ اس واقعے کے وقت کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر موجود تھے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے تھے، اس لیے یہ غلط خبر عوام میں عارضی تشویش کا سبب بنی۔
ریڈیو کیرولائن کی تاریخ بھی قابل ذکر ہے؛ یہ اسٹیشن 1964 میں بی بی سی کی اجارہ داری کے خلاف قائم کیا گیا تھا اور کئی برس تک سمندر میں موجود جہازوں سے نشریات نشر کرتا رہا، جس نے اسے برطانیہ میں ایک تاریخی پائریٹ ریڈیو کے طور پر مشہور کیا۔












جمعہ 22 مئی 2026 