فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں سفارتی سرگرمیاں جاری، مثبت پیشرفت کی امید

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ایران کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل سے متعلق سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت میں مثبت پیشرفت کی امید برقرار ہے۔

تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اپنی قوم اور ملکی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی کے دوران ایرانی فوج نے اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

مزید پڑھیں؛شام میں کارروائی، ترکیہ نے داعش کے 10 مشتبہ کارکن گرفتار کرلیے

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے شیڈول کے مطابق چین روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل گزشتہ روز امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

دورۂ ایران کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور جاری سفارتی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران امریکی جنگ بندی تجاویز پر اپنے ممکنہ ردِعمل کے قریب بتایا جا رہا ہے، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی تہران میں اہم سفارتی ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔