بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، اہم خارجی کمانڈر سمیت متعدد دہشتگرد ہلاک

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

بنوں (Bannu) کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مبینہ منصوبے ناکام بنا دیے۔

آپریشن علی الصبح شروع کیا گیا جس کی نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی، جبکہ ایس پی سی ٹی ڈی اور دو ایس ڈی پی اوز بھی موقع پر موجود تھے۔ کارروائی میں جدید ڈرون سرویلنس اور دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا تاکہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں مبینہ طور پر فتنہ الخوارج کا ایک اہم کمانڈر عبداللہ بھی شامل ہے، جو پولیس پر حملوں اور سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

حکام کے مطابق عبداللہ کی ایک وائرل ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ سیکیورٹی اداروں کو چیلنج کرتا دکھائی دیا تھا۔

مزید پڑھیں؛چین کی تائیوان کے قریب بڑی بحری تعیناتی، تائپی کا دعویٰ

کارروائی کے دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم (IED) بھی برآمد ہوا، جسے بروقت کارروائی کرکے ناکارہ بنا دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ بم سڑک کھولنے کی ڈیوٹی کے دوران سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ آئی جی نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا۔