ایران جنگ کے اثرات: 27 ممالک نے عالمی بینک سے ہنگامی مدد طلب کرلی

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

ایران (Iran) اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے معاشی اثرات کے باعث 27 ممالک نے مالی امداد کے لیے عالمی بینک سے رجوع کرلیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ممالک ان 101 ریاستوں میں شامل ہیں جنہیں عالمی بینک کے ہنگامی مالیاتی نظام تک کسی نہ کسی شکل میں رسائی حاصل ہے۔

رپورٹ میں ان 27 ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے، اور نہ ہی اس بات کی تفصیل دی گئی ہے کہ انہوں نے کتنی مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔

مزید پڑھیں؛ایران امریکا مذاکرات: معاہدہ قریب بھی ہے اور دور بھی، اسماعیل بقائی

عالمی بینک نے اس معاملے پر براہِ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ تاہم ادارے کے صدر اجے بنگا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ سے نمٹنے کے لیے ادارہ مختلف ممالک کو 20 سے 25 ارب ڈالر تک کی فنانسنگ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خطے میں جاری تنازع اور توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے متعدد ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے، جس کے باعث وہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مدد لینے پر مجبور ہو رہے ہیں۔