بلوچستان(Balochistan) کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں ناکہ لگا کر شناختی کارڈ چیکنگ کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، افسوس ناک واقعے سے علاقے میں عید کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
ہرنائی تحصیل شاہرگ میں شیخ موسیٰ بابا چونگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ لگا کر مقامی افراد کی چیکنگ کی، مقامی افراد نے شناختی کارڈ چیکنگ کی مذمت کی تو نامعلوم مسلح افراد نے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک شدید زخمی کوئٹہ لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں زمان شاہ، ضیا الحق، عبد القاہر، مولوی زاہد شاہ اور اکرام اللہ شاہ شامل ہیں، جب کہ زخمیوں کی شناخت ناصر شاہ، ملا صمد اور ثاقب شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
مزیدپڑھیں:صدر مملکت اور وزیر اعظم کی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو شاہرگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا، واقعے کے بعد شاہرگ کے شہریوں نے مشتعل ہو کر پولیس تھانہ شاہرگ کو آگ لگا دی، جس کے بعد علاقے میں حالات سخت کشیدہ ہیں۔
ہرنائی پولیس کی بھاری نفری شاہرگ پہنچ کر حالات کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔












بدھ 27 مئی 2026 