پاکستان میں سائبر سیکیورٹی(Cyber Security) کے شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک اہم انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے طلبہ اور حالیہ گریجویٹس سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ملک کی سائبر اسپیس کے تحفظ کے لیے ماہر افرادی قوت تیار کرنے کے مقصد سے 6 ہفتوں پر مشتمل سائبر سیکیورٹی انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید سائبر سیکیورٹی مہارتیں سیکھنے اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق انٹرن شپ پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ اور حالیہ گریجویٹس شرکت کے اہل ہوں گے، جبکہ درخواستیں 16 جون تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو سائبر سیکیورٹی کے مختلف اہم شعبوں میں عملی تربیت دی جائے گی، جن میں انسڈنٹ رسپانس، تھریٹ انٹیلی جنس، وَلنریبلٹی منیجمنٹ، گورننس، کمپلائنس، ڈیجیٹل فرانزکس، سافٹ ویئر ٹیسٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں:بجٹ سے قبل ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا ہے کہ منتخب امیدواروں کو سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کے ساتھ براہ راست کام کرنے کا موقع ملے گا، جہاں وہ حقیقی منصوبوں پر کام کرتے ہوئے قیمتی عملی تجربہ حاصل کریں گے۔
پروگرام کے تحت شرکاء کو پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ ماہرین کی مینٹورشپ بھی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ مستقبل میں سائبر خطرات سے نمٹنے اور اس شعبے میں کامیاب کیریئر بنانے کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔












بدھ 3 جون 2026 