اسلام آباد میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ(Allotment) کے لیے نادرا کے ساتھ معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت اب تمام الاٹمنٹ خودکار ای-بیلٹنگ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ ممبر اسٹیٹ کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ اس توسیع کے بعد سی ڈی اے اور نادرا کے درمیان مارچ 2016 کے اصل معاہدے میں ایڈنڈم نمبر 6 شامل کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز جیسے ڈی-13، ای-13، ایف-13، سی-14، سی-15 سمیت دیگر علاقوں کے متاثرین کو پلاٹوں کی شفاف اور منصفانہ الاٹمنٹ فراہم کرنا ہے۔
مزیدپڑھیں:40 ہزار پریمیم پرائز بانڈ قرعہ اندازی 10 جون کو
سی ڈی اے کے مطابق ای-بیلٹنگ سسٹم مکمل طور پر خودکار ہے، جس میں انسانی مداخلت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، جس سے شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس نظام میں نادرا کا خصوصی سافٹ ویئر استعمال ہوتا ہے جو تمام مراحل کا ریکارڈ محفوظ رکھتا ہے، تاکہ کسی بھی تنازع کی صورت میں مکمل شواہد دستیاب ہوں۔
بورڈ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہ سسٹم بیک وقت مختلف سیکٹرز میں بڑی تعداد میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے زیر التوا کیسز تیزی سے نمٹائے جا سکیں گے۔
مزید یہ کہ بورڈ نے سی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کو ضروری قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔












جمعرات 4 جون 2026 