حج 2026ء میں ایک لاکھ 80 ہزار کا حج کوٹہ 100 فیصد استعمال کر لیا: سردار یوسف

Calender Icon ہفتہ 6 جون 2026

پاکستان نے حج 2026 کے انتظامات میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے ایک لاکھ 80 ہزار کا حج کوٹہ 100 فیصد استعمال کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف (Sardar Mohammad Yousaf)کے مطابق وزارت مذہبی امور کی بہترین کارکردگی پر پاکستان کو “لبیتم” سمیت 4 عالمی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حج 2026 کے کامیاب انتظامات میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت نے بھی پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا مظہر ہے۔

پری حج آپریشن کے دوران 46 ہزار 945 حجاج مدینہ منورہ پہنچے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج مدینہ پہنچ چکے ہیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں تمام انتظامات کو منظم انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے 100 فیصد پاکستانی حجاج کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی گئی، جبکہ تمام حجاج کو مسجد نبوی ﷺ کے قریب مرکزیہ کے ہوٹلوں میں رہائش فراہم کی گئی۔

مزیدپڑھیں:آئندہ وفاقی بجٹ میں متعدد اشیاء پر رعایتی جی ایس ٹی ختم ہونے کا امکان ، قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ میں انتظامات پر حجاج کرام کا ردعمل انتہائی مثبت رہا ہے اور مدینہ مشن کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ اس کارکردگی پر متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حج تربیت نے سعودی عرب میں نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آنے والے 72 ہزار 271 حجاج کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مدینہ پہنچنے والے حجاج کے لیے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری اور ریاض الجنہ کے تمام انتظامات مکمل ہیں، جبکہ پاکستان میں واپسی کا شیڈول بھی فائنل کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حجاج کی آرام دہ اور بروقت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ تمام مراحل بخوبی مکمل کیے جا سکیں۔