میرپور ڈویژن: کالعدم ایکشن کمیٹی سے تعلق کے الزام میں 91 افراد گرفتار

Calender Icon پیر 8 جون 2026

آزاد کشمیر (Azad Kashmir) کے میرپور ڈویژن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق کے الزام میں 91 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کی گئی۔ ان کے مطابق آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، ڈنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں؛آزادکشمیرمیں نشستوں کاتنازع،وفاقی حکومت نے 12 نشستیں مکمل ختم کرنے کی تجویز مسترد کر دی

دوسری جانب راولاکوٹ میں 7 جون کے واقعے سے متعلق ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں پولیس اہلکاروں پر مبینہ تشدد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ویڈیو میں کچھ افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ اور حملے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک شہید اہلکار کی لاش کی بے حرمتی کے مناظر بھی موجود ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔