ایوانِ صدر (Presidency) میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی، داخلی امن و امان، علاقائی صورتحال اور آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے خدوخال پر گفتگو ہوئی۔ گلگت بلتستان کے انتخابات اور آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال بھی زیر غور آئی۔
مزید پڑھیں؛ایوانِ صدر میں سول ایوارڈز تقریب؛ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر قومی اعزازات سے نوازا گیا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح، صوبائی حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف پروگراموں میں مؤثر ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
ملاقات میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورۂ ایران اور خطے کی صورتحال سے متعلق سفارتی روابط پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شہادت اعوان، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل راٹھور اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔












پیر 8 جون 2026 