کویت نے 10 ممالک کے لیے روزگار کے دروازے کھول دیے، 27 ممالک پر پابندی

Calender Icon بدھ 10 جون 2026

کویت (Kuwait)کی وزارت داخلہ نے گھریلو ملازمین کی بھرتی سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے صرف 10 ممالک سے گھریلو کارکنوں کی بھرتی کی اجازت دے دی ہے، جبکہ 27 ممالک سے بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ اقدام گھریلو لیبر سیکٹر کو مزید منظم بنانے اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ وزارت خارجہ، وزارت صحت اور پبلک اتھارٹی فار مین پاور سمیت مختلف سرکاری اداروں کی سفارشات اور مشاہدات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت جنوبی افریقہ، بینن، اریٹیریا، ایتھوپیا، فلپائن، سری لنکا، بھارت، ویتنام اور نیپال سے گھریلو ملازمین کی بھرتی کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ سینیگال سے صرف مرد گھریلو کارکنوں کی بھرتی کی جا سکے گی۔ بھرتی کے تمام مراحل متعلقہ گورنریٹس کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری سرکلر کو ریزیڈنسی امور کے محکموں اور سروس سینٹرز میں بھی تقسیم کر دیا گیا ہے اور دو روز قبل اس کی تازہ کاری کے بعد اس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

مزیدپڑھیں:گوگل اکاؤنٹ میں جگہ کم پڑ گئی؟ اسٹوریج خالی کرنے کے آسان طریقے سامنے آگئے

دوسری جانب حکومت نے 27 ممالک کی فہرست بھی جاری کی ہے جن سے گھریلو ملازمین کی بھرتی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان میں ایشیائی ممالک مڈغاسکر اور بھوٹان جبکہ افریقی ممالک کینیا، یوگنڈا، نائیجیریا، ٹوگو، ملاوی، چاڈ، جبوتی، نائیجر، گنی، گنی بساؤ، کیپ وردے، سیرا لیون، لائبیریا، مالی، برکینا فاسو، گیمبیا، کیمرون، استوائی گنی، وسطی افریقی جمہوریہ، جمہوریہ کانگو، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، روانڈا، برونڈی اور انگولا شامل ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بعض ممالک کے حوالے سے پابندیاں صرف خواتین گھریلو ملازمین پر لاگو ہوں گی، جبکہ مرد کارکنوں کی بھرتی کی اجازت برقرار رہے گی۔

کویتی حکام کا کہنا ہے کہ نئے قواعد و ضوابط کا مقصد گھریلو ملازمین کی بھرتی کے نظام کو بہتر بنانا، انتظامی طریقہ کار کو مضبوط بنانا اور اس شعبے میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔