NECکا بڑا فیصلہ: آئندہ مالی سال کیلئے 3669 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری

Calender Icon بدھ 10 جون 2026

اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاق اور صوبوں کی قیادت نے ملکی معیشت، ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ مالی سال کے اہداف پر تفصیلی غور کیا۔

وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات میں وفاقی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون پر چاروں صوبوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشیں ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے معاشی استحکام کے لیے حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اجلاس کے شرکاء نے خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستانی معیشت کو مستحکم رکھنے اور علاقائی امن کے لیے سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ملک کے بڑے چیلنجز میں شمار کرتے ہوئے صحت، تعلیم، بچوں کی نشوونما، نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کو قومی ترجیحات قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو قومی ضروریات اور پائیدار معاشی اہداف کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔

قومی اقتصادی کونسل نے متفقہ طور پر مالی سال 2026-27 کے لیے 3669 ارب روپے کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی، جس میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے ایک ہزار ارب روپے۔

صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2218 ارب روپے اور سرکاری اداروں کے منصوبوں کے لیے 451 ارب روپے مختص کیے گئے۔

اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے 3.7 فیصد جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے 4 فیصد معاشی شرح نمو کے ہدف کی بھی منظوری دی گئی۔ کونسل نے “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت قومی اقتصادی ترقی کے 11 مشنز کی منظوری دیتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی کو صوبوں اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر عملی روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر منافع کی نئی شرحوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعظم نے اجلاس کے تمام فیصلوں کی اتفاقِ رائے سے منظوری کو وفاقی ہم آہنگی کی مثبت مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی معاملات پر یہی اتحاد اور یکجہتی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی بنیاد ہے۔