اسلام آباد میں روس کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری(asif zardari) نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ روس کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے اور یہ تقریب روس کی خودمختاری، شاندار تاریخ، قومی عزم اور عوام کے حوصلے کی عکاس ہے۔
صدر مملکت نے اپنے خطاب میں پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے گزشتہ برسوں کے دوران اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیشرفت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مسلسل رابطے اور تبادلے اس مثبت پیشرفت کا واضح ثبوت ہیں۔
آصف علی زرداری نے 2011 میں اپنے روس کے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر کی خوشگوار یادیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں، پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے تعلیمی شعبے میں تعاون کو دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، یہ طلبہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں روس کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے فروغ سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام بھی اس تعاون کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔
مزید پڑھیں:نعمان علی اور نسیم شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ سے چھٹی کا امکان ،ذرائع
تقریب میں سفارتی شخصیات، حکومتی نمائندوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پاکستان و روس کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔












بدھ 10 جون 2026 