ترکیہ؛ 267 مسافروں سے بھرا طیارہ ایئرپورٹ پر ریڈار ٹاور سے ٹکرا گیا

Calender Icon ہفتہ 13 جون 2026

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے سیاحتی شہر انطالیہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ترک ایئرلائنز(truk airlines) کے بوئنگ 777 کو لینڈنگ کے وقت ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا۔

ترک ایئرلائنز کی پرواز استنبول سے انطالیہ پہنچی تھی۔ لینڈنگ کے بعد جب طیارہ رن وے سے ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا تو اس کا ایک ونگ ایک دھاتی مواصلاتی اینٹینا یا ریڈار ماسٹ سے جا ٹکرایا۔

جس کے نتیجے میں طیارے کے دائیں پَر (ونگ) کو شدید نقصان پہنچا اور جہاز کے ایک حصے میں بڑا شگاف بھی پڑ گیا۔ حادثے کے وقت جہاز میں موجود عملے اور مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔

مسافروں نے بتایا کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی اور آکسیجن ماسک خودبخود نیچے آ گئے جبکہ اوور ہیڈ سامان رکھنے والے خانے بھی کھل گئے تھے جس سے سامان گر پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے ایک حصے میں بڑا سوراخ ہو گیا جبکہ سرخ و سفید رنگ کا دھاتی ٹاور زمین پر گرا ہوا ہے۔

ترجمان ترک ایوی ایشن نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے بعد فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیموں اور طبی عملے کو فوری طور پر موقع پر طلب کرلیا گیا۔ تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ایک شخص معمولی زخمی ہے۔

ایک خاتون مسافر نے حادثے کے بعد جہاز کے اندر کی ویڈیو بھی بنائی، انھوں نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد اچانک ایسا محسوس ہوا جیسے جہاز کا کوئی حصہ ٹوٹ گیا ہو۔ ایک خاتون شدید خوفزدہ ہو کر چیخ رہی تھیں۔

حادثے کے بعد ترک ایئرلائنز نے واقعے کی تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارہ ریڈار یا مواصلاتی ٹاور کے اتنا قریب کیسے پہنچا۔

مزید پڑھیں:کاغذ پھاڑنے، نعرے لگانے سے عام آدمی کو ریلیف نہیں ملتا، طلال چوہدری

حادثے کے باعث ایئرپورٹ پر کچھ آپریشنل مشکلات بھی پیدا ہوئیں اور مسافروں نے سامان حاصل کرنے میں تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر کی شکایت کی۔