واڈا کے ساتھ کیازیادتی ہوئی ،راناثناء اللہ نے معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ بتادیا

Calender Icon بدھ 17 جون 2026

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ(Ranasanaullah) نے سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے حکومت پر ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں فیصل واوڈا کی ناراضی کی کچھ وجوہات ہیں، کیونکہ انہیں اپنی سیاسی توقعات کے مطابق حکومتی نظام میں جگہ نہیں مل سکی۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیصل واوڈا عموماً کھل کر اور غیر روایتی انداز میں بات کرتے ہیں اور ان کے بیانات کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں واوڈا کے ساتھ کسی حد تک زیادتی ہوئی اور وہ خود اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی بات کر چکے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے سیاسی طور پر ایک کردار ادا کیا تھا اور وہ توقع رکھتے تھے کہ انہیں حکومت میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل کیا جائے گا، تاہم انہیں صرف سینیٹ کی نشست دی گئی اور بعد ازاں حکومتی ڈھانچے میں کوئی نمایاں ذمہ داری نہیں دی گئی۔

مزیدپڑھیں:محسن عباس حیدر کا شوبز شخصیات کے منشیات کے استعمال کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص یہ محسوس کرے کہ اسے مناسب طور پر ایڈجسٹ نہیں کیا گیا تو اس کی ناراضی فطری بات ہے۔ ان کے بقول فیصل واوڈا کابینہ کا حصہ بننے کے خواہش مند تھے، جبکہ ان کی جانب سے ایک اور مطالبہ بھی سامنے آیا تھا، تاہم اس کی تفصیلات بیان کرنا مناسب نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب ایک شخص کو لگے کہ اس کے ساتھ انصاف نہیں ہوا تو وہ مختلف انداز میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتا ہے، اسی لیے فیصل واوڈا کی تنقید کو اسی پس منظر میں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک جیسے سیاسی کردار رکھنے والے دو افراد میں سے ایک کو زیادہ مواقع مل جائیں اور دوسرے کو نظر انداز کیا جائے تو شکوے شکایات پیدا ہونا فطری امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی حالیہ تنقید کو ذاتی ناراضی اور سیاسی توقعات پوری نہ ہونے کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔