اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ڈینگی (Anti-Dengue Campaign)کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے جاری مہم میں تیزی لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔
جس دوران 24 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 5 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر معائنہ اور سرگرمیاں جاری ہیں
انتظامیہ نےڈینگی سے بچاؤ کے ضوابط پر عمل نہ کرنے والے افراد اورکاروباری مراکز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔کارروائیوں کے دوران سیکٹر F-6 اور F-7 میں انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 13 افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ G-6 میں مزید 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ریڈ زون میں بھی معائنہ کیا گیا جہاں ڈینگی سے متعلق حفاظتی قواعد کی خلاف ورزی پر 5 افراد کو مقامی تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ای الیون میں انتظامیہ نے دو دفاتر اور تین دکانیں سیل کر دیں جبکہ 4 افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا۔ اسی طرح G-13 میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا اور ایک دفتر کو سیل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کا مرکز ایسے مقامات تھے جہاں کھڑا پانی، ناقص صفائی یا دیگر عوامل ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب بن سکتے تھے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور دفاتر کو صاف رکھیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات پر مکمل عمل کریں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام فیلڈ ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی، تجارتی اور عوامی مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید پڑھیں:ایران، لبنان میں اپنی پراکسیز کو مشکلات کھڑی کرنے سے روکے: ٹرمپ
ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسدادِ ڈینگی مہم پورے سیزن کے دوران جاری رہے گی اور عوامی تعاون ہی ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔












اتوار 21 جون 2026 