ایرانی صدر آج پاکستان پہنچیں گے، سیکیورٹی انتہائی سخت

Calender Icon منگل 23 جون 2026

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی اسلام آباد آئے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم دوطرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

بیان کے مطابق صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:ایران اور امریکا کے درمیان ٹیکنیکل ڈائیلاگ کا آغاز ہو گیا، ایرانی ٹی وی

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تجارت کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون، سرحدی سیکیورٹی، علاقائی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ “اسلام آبادایم او یو” کے بعد ہونے والی سفارتی پیش رفت اور مستقبل کے تعاون کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں مفاہمتی فریم ورک کے تحت مذاکرات کے پہلے مرحلے کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کو خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔