حکومت نے کمرشل طیاروں کے فیول کی قیمت میں کمی کردی

Calender Icon ہفتہ 27 جون 2026

حکومت نے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول(Jet fuel) کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے ایئرلائنز کو طیاروں کے ایندھن پر آنے والے اخراجات میں نمایاں بچت ہوگی، جس سے فضائی آپریشنز کی لاگت کم ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ جنگی صورتحال سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم بعد ازاں عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔

حکومت کی جانب سے حالیہ کمی کے باوجود جیٹ فیول کی موجودہ قیمت اب بھی مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے پہلے والی سطح سے زیادہ ہے۔

مزیدپڑھیں:حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول پر لیوی بڑھا دی

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آئندہ ایک ہفتے کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو متوقع ریلیف نہیں ملا۔

دریں اثنا حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کی ہے اور ساتھ ساتھ پیٹرول و ڈیزل لیوی میں اضافہ بھی کردیا ہے۔