38 ماہ میں دنیا کا سب سے بڑا ریلوے سٹیشن تعمیر

Calender Icon جمعرات 9 جولائی 2026

چین نے صرف 38 ماہ میں دنیا کا سب سے بڑا ریلوے سٹیشن(Railway Station) تعمیر کر دیا، اس مقصد کے لیے ورکروں کی ایک پوری فوج استعمال کی گئی۔
چونگ چھنگ ایسٹ نامی اس سٹیشن کو رقبے کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ریلوے سٹیشن کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے، یہ 12 لاکھ 20 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے، جو فٹ بال کے 170 میدانوں کے برابر رقبہ بنتا ہے۔

چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چِنگ میں واقع دنیا کا یہ سب سے بڑا ریلوے سٹیشن جدید انفرااسٹرکچر کا ایک حیرت انگیز شاہکار ہے، یہ نیو یارک کے گرینڈ سینٹرل سٹیشن سے چھ گنا بڑا اور یورپ کے سب سے بڑے ریلوے سٹیشن لائپزگ ہاؤپٹ بانہوف سے 15 گنا زیادہ وسیع ہے۔

چونگ چِنگ ایسٹ ریلوے سٹیشن کا رقبہ اتنا بڑا ہے کہ وہ بعض چھوٹے قصبوں سے بھی زیادہ وسیع ہے، جبکہ اس کا رقبہ روم میں واقع ویٹیکن سٹی سے بھی دُگنا سے زیادہ ہے۔

اس ریلوے سٹیشن میں 29 پلیٹ فارم، 15 ریلوے ٹریکس اور آٹھ منزلوں پر مشتمل ایک بہترین ڈھانچہ موجود ہے، جس کی چھت 16,500 ٹن وزنی سٹیل ٹیوب ٹرس سے تیار کی گئی ہے، اس کے 400 میٹر طویل پلیٹ فارم اس طرح ڈیزائن کیے گئے ہیں کہ وہ مصروف اوقات میں فی گھنٹہ 16,000 مسافروں کو سنبھالنے کے ساتھ چین کی سب سے طویل ہائی سپیڈ ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بھی موزوں ہے۔

مزیدپڑھیں:کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس سروس معطل

دنیا کے سب سے بڑے ریلوے سٹیشن کی سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ ایک پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر کیا گیا ہے، چونگ چھنگ اپنے پہاڑی محل وقوع کی وجہ سے مشہور ہے، جس کے باعث اسے چین کے ان بڑے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں اتنا عظیم الشان نقل و حمل کا مرکز قائم کرنا انتہائی مشکل سمجھا جاتا ہے۔

لیکن جب آپ کے پاس مہارت، جدید ٹیکنالوجی، بلند حوصلہ اور اپنے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بے شمار محنتی کارکن موجود ہوں تو مشکل ترین صورتحال بھی رکاوٹ نہیں بنتی۔

چینی میڈیا کے مطابق ورکرز نے پہلے ایک پورے پہاڑ کو کاٹ کر اور دھماکوں کے ذریعے اس وسیع و عریض ریلوے سٹیشن کی تعمیر کے لیے زمین کو برابر کیا گیا۔

اس حیرت انگیز ٹرانسپورٹیشن حب کی تعمیر میں تقریباً 20 لاکھ مکعب میٹر کنکریٹ اور 3 لاکھ 66 ہزار ٹن سٹیل استعمال کیا گیا، جبکہ اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے 40 ہزار تک ورکرز اور روبوٹک مشینری کی ایک بڑی تعداد نے مل کر کام کیا۔