فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان سنسنی خیز میچ (Sensational Match)کے بعد ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر کی کارکردگی سوالات کی زد میں آ گئی ہے۔
مصری فٹبال فیڈریشن نے متنازع فیصلوں پر فیفا میں باضابطہ احتجاج جمع کروا دیا ہے۔میچ میں مصر نے 2-0 کی برتری حاصل کی تھی تاہم ارجنٹینا نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔
مصر نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک گول وی اے آر جائزے کے بعد مسترد کیا گیا جبکہ ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول سے قبل پنالٹی کی اپیل کو نظر انداز کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصری فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ہانی ابو ریدہ نے فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور ان کی آفیشل ٹیم کے خلاف فیفا میں شکایت درج کروائی ہے۔
مصر نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور مذکورہ آفیشلز کو ٹورنامنٹ کے باقی میچز سے ہٹا دیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیفا کے ریفری کے شعبے کے حکام اب ریفری لیٹیکسیئر کی کارکردگی، میچ رپورٹس اور متنازع ویڈیو مناظر کا جائزہ لیں گے جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ ورلڈ کپ میں مزید فرائض انجام دیں گے یا نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی رکن ملک یا فٹبال ایسوسی ایشن کو ریفری کی تقرری پر ویٹو کا اختیار حاصل نہیں کیونکہ یہ اختیار صرف فیفا ریفریز کمیٹی کے پاس ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں:گوری سپراٹ کی شادی کی انگوٹھی کی خاص بات کیا ہے؟جانیئے
واضح رہے کہ ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے دوران ریفریز کے خلاف شکایات سامنے آتی رہی ہیں، لیکن کسی ٹیم کے احتجاج کی بنیاد پر کسی ریفری کو باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے خارج نہیں کیا گیا۔












جمعرات 9 جولائی 2026 