شہباز شریف، صدر پزشکیان کاٹیلیفونک رابطہ؛ خطے میں امن و تحمل پر زور

Calender Icon جمعہ 10 جولائی 2026

اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے خطے کی حالیہ صورتحال، امن و استحکام اور پاکستان-ایران دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو حالیہ مہینوں میں امن کے لیے ہونے والی پیش رفت کو متاثر کر سکتے ہوں۔

شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان تعمیری اور مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی قیادت کی جانب سے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی حمایت اور مثبت سفارتی کردار کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ان پر تیز رفتار عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں:فیسبک، انسٹا میں فوری تبدیلیاں کرو ورنہ بھاری جرمانہ ہوگا، یورپی یونین

وزیراعظم نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت اہم امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔