وی آئی پیز کو مفت بلیو پاسپورٹ، عام شہری فیس اور لمبی قطاروں کے پابند

Calender Icon منگل 14 جولائی 2026

لاہور: ملک میں عام شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے طویل قطاروں، مقررہ فیس اور انتظار کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، تاہم بعض اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز شخصیات کو بلیو اور ریڈ پاسپورٹ مفت اور ارجنٹ بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔
اس سہولت سے صدرِ مملکت، وزیراعظم، اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور گریڈ 22 کے افسران مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ان کے اہلِ خانہ بھی اس سہولت کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔

میڈیا کو دستیاب دستاویزات اور ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے 432 ارکان، پنجاب اسمبلی کے ساڑھے تین سو سے زائد، خیبرپختونخوا اسمبلی کے سو سے زائد، سندھ اسمبلی کے ڈیڑھ سو اور بلوچستان اسمبلی کے پچاس سے زائد ارکان بلیو پاسپورٹ حاصل کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ 100 سے زائد سینیٹرز، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز، ڈپٹی اسپیکرز، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گریڈ 22 کے سو سے زائد افسران کو بھی رواں سال بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ پاسپورٹ ارجنٹ کیٹیگری میں بغیر کسی فیس کے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ سپریم کورٹ، ہائی کورٹس، وفاقی شرعی عدالت کے ججز، چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کے ارکان، چیئرمین نیب، چیئرمین وفاقی محتسب، چیئرمین سینٹرل سروسز ٹربیونل، آزاد کشمیر کے صدر و وزیراعظم سمیت دیگر مخصوص آئینی عہدوں پر فائز شخصیات بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

دوسری جانب عام شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں ہزاروں روپے فیس ادا کرنے، لمبی قطاروں میں انتظار کرنے اور کئی روز بعد گرین پاسپورٹ ملتا ہے، جبکہ بااثر شخصیات کو مفت بلیو پاسپورٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت مفت پاسپورٹ کی سہولت دینا چاہتی ہے تو اس کا فائدہ بزرگوں اور مستحق افراد کو ملنا چاہیے، نہ کہ ان افراد کو جو لاکھوں روپے تنخواہیں اور مراعات حاصل کر رہے ہیں۔

پاسپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے تقریباً 100 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 150 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اب مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی جگہ صرف ای پاسپورٹ جاری کیے جا رہے ہیں، جن کی ارجنٹ فیس تقریباً 22 ہزار 500 روپے اور نارمل فیس 9 ہزار روپے ہے، جو عام شہری ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا آفس دوبارہ فعال

ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت مستقبل میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے بڑے کاروباری افراد کو بھی مفت بلیو پاسپورٹ کی سہولت دینے پر غور کر رہی ہے، تاکہ مخصوص معیار پر پورا اترنے والے ٹیکس دہندگان بھی اس رعایت سے مستفید ہو سکیں۔