لامین یمال کاٹرمپ سے مصافحہ کرنے سے انکار، فیفاورلڈ کپ فائنل کی حقیقت سامنے آگئی

Calender Icon ہفتہ 25 جولائی 2026

اسلام آباد فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ دعویٰ کہ اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یمال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، فیکٹ چیک کے بعد غلط ثابت ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لامین یمال نے ٹرمپ سے مصافحہ نہیں کیا، جبکہ بعض صارفین نے اس دعوے کو فلسطین سے متعلق امریکی پالیسیوں سے جوڑتے ہوئے مختلف تبصرے بھی کیے۔

تاہم بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ حقائق پر مبنی نہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وائرل ویڈیو ایک ایسے زاویے سے ریکارڈ کی گئی تھی جہاں مصافحے کا منظر واضح طور پر نظر نہیں آ رہا تھا، جس کی وجہ سے غلط تاثر پیدا ہوا۔

اسپینش اسٹار فٹبالر کے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی جذباتی کہانی سامنے آگئی

اے ایف پی کی جانب سے مختلف زاویوں سے حاصل کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کے جائزے سے واضح ہوا کہ جب لامین یمال ورلڈ کپ کی فاتحانہ تقریب میں میڈل وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو انہوں نے پہلے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے مصافحہ کیا اور اس کے فوراً بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ہاتھ ملایا، جس کے بعد ٹرمپ نے ان کے گلے میں فاتحانہ میڈل پہنایا۔

مزید برآں، وائٹ ہاؤس اور فاکس اسپورٹس کے تصدیق شدہ یوٹیوب چینلز پر موجود ویڈیوز میں بھی لامین یمال اور ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح طور پر ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اگرچہ لامین یمال ماضی میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کر چکے ہیں، تاہم ورلڈ کپ فائنل کے بعد امریکی صدر سے مصافحہ نہ کرنے کا دعویٰ درست نہیں۔ دستیاب ویڈیو شواہد اور فیکٹ چیک رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ گمراہ کن اور بے بنیاد ثابت ہوا ہے۔