پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے، اس بار وجہ ایک وائرل ویڈیو ہے جس میں انہیں ایک مداح کے ساتھ مبینہ طور پر سخت رویہ اختیار کرتے دیکھا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی سیکیورٹی حصار میں ایک اسٹیڈیم سے باہر آ رہے ہوتے ہیں کہ اسی دوران ایک مداح ان کے قریب آنے کی کوشش کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی مداح کو پیچھے ہٹانے کے لیے ہاتھ سے دھکا دیتے ہیں اور پھر غصے کے انداز میں اس کی جانب بڑھتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے شاہد آفریدی کے رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
مزید پڑھیں:زمبابوے کوشکست، بھارتی ٹیم ایک بار پھر T-20رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر
تاہم کئی صارفین نے سابق کپتان کا دفاع بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والا کلپ مختصر ہے اور مکمل واقعہ سامنے آئے بغیر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں۔تاحال شاہد آفریدی کی جانب سے اس وائرل ویڈیو یا اس پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔













اتوار 26 جولائی 2026 

