سیلابی ریلا، ریلوے پل بہہ گیا، لاہور فیصل آباد آپریشن معطل، ٹرینوں کے روٹس تبدیل

Calender Icon پیر 27 جولائی 2026

لاہور: قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفرا اسٹرکچر متاثر ہوا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی۔

ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔

قراقرم 42 ڈاوُن کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاوُن میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد، لالہ موسی چلایا جائے گا۔دوسری جانب 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:کالعدم بی ایل اے دہشتگرد معصوم شہریوں کو اغوا بھی کرنے لگے، سکیورٹی ذرائع

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے۔ انفرا اسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا

، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔صورتحال پر مسلسل نظر مزید پیشرفت سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔