اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی واضح کامیابی پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے عوام کے اعتماد اور پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا اظہار قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف** کی مدبرانہ قیادت، عوامی خدمت اور ترقی کے وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو شاندار کامیابی دلائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پارٹی قیادت، کارکنوں کی انتھک محنت اور عوام کے غیرمتزلزل اعتماد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ترقی، استحکام، خوشحالی اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ دیانتداری، میرٹ اور عوامی خدمت کو اپنی ترجیح بنائیں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، عہدیداروں اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والے تمام افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوام کی خدمت، قومی یکجہتی اور کشمیر کاز کے لیے اپنی جدوجہد پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔
امیر مقام نے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے منفی سیاست کو مسترد کرکے مثبت اور ترقی پسند سوچ کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی اور آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا سفر دوبارہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ٹیکس سال 2026 کیلئے خوردہ فروشوں کی فکسڈ اسکیم کا خصوصی طریقہ کار جاری
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔













منگل 28 جولائی 2026 

