محسن نقوی کی تجویز سندھ قبول نہیں کرے گا،مراد علی شاہ

Calender Icon جمعہ 31 جولائی 2026

بھٹ شاہ: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گھسی پٹی تجویز ہے جسے سندھ کے لوگ قبول نہیں کریں گے۔

بھٹ شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محسن نقوی کا بیان سنا ہے، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ وزیر داخلہ کا اشارہ کس طرف ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت قائم ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی جبکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر محسن نقوی سمجھتے ہیں کہ موجودہ نظام بہتر کام نہیں کر رہا تو وہ اپنی تجاویز دے سکتے ہیں، تاہم نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس سے متعلق تجویز سندھ کے عوام کے لیے قابل قبول نہیں۔

مزید پرھیں:کاکروچ اگر اکٹھے ہوگئے تو سب کچھ الٹ سکتے ہیں ، محسن نقوی

انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے اور یہاں کے لوگ ایسی تجاویز کو قبول نہیں کریں گے۔

مراد علی شاہ نے نوجوانوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں نے آگے بڑھ کر ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے، انہیں کبھی بھی کسی منفی انداز میں نہیں دیکھا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو ملک کی ترقی کا اہم حصہ سمجھتی ہے اور ان کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ نظام میں بہتری کی ضرورت ہے اور نئے انتظامی یونٹس یا صوبے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔