پاکستانی کوہ پیما عاصمہ مشتاق اسپینٹک سر کرنے کے بعد انتقال کرگئیں

Calender Icon جمعہ 21 اگست 2026

پاکستانی کوہ پیما، سیاح اور سفر کی ویڈیوز بنانے والی عاصمہ مشتاق(Asma Mushtaq) اسپینٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران بلند مقام پر طبیعت خراب ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔

عاصمہ مشتاق حال ہی میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپینٹک چوٹی کو سر کرنے والی مہم کا حصہ بنی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنے رہنما علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر تھی۔

تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران بلند مقام کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ ان کے رہنما نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔


عاصمہ مشتاق کی میت واپس لانے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ مہم کی منتظم تنظیم قراقرم کالنگ ٹریکس کی جانب سے بھی متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ اور ضروری انتظامات کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مزیدپڑھیں:بانی پی ٹی آئی عمران خان شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اڈیالا جیل منتقل

عاصمہ مشتاق 7 فروری 1992 کو پیدا ہوئی تھیں اور انہیں پہاڑوں سے گہری محبت اور مہم جوئی کے شوق کے باعث کوہ پیمائی کی برادری میں جانا جاتا تھا۔

عاصمہ مشتاق کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔

صارفین نے کہا کہ بلند مقامات پر پیدا ہونے والی بیماری خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے ایسی صورتحال میں بروقت طبی امداد انتہائی اہم ہوتی ہے۔ کئی افراد نے عاصمہ مشتاق کی پہاڑوں، قدرتی مناظر اور سفر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔