ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے دہشتگردی کے متاثرین کی یاد میں عالمی دن پر پاکستان کی جانب سے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی جانیں گنوا چکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 150 ارب ڈالر سے زائد معاشی نقصانات ہوئے، دہشتگردی اب کئی شکلیں اختیار کرچکی، دہشتگرد ٹیکنالوجی اور سائبر اسپیس استعمال کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ڈس انفارمیشن، مس انفارمیشن، ہائیڈرو ٹیررازم اور ماورائے سرحد قتل کی کارروائیوں کا بھی شکار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 2025 پاکستان کیلئے ایک دہائی کے دوران بدترین اور مہلک ترین برسوں میں شامل رہا، پاکستان میں بڑھتی دہشتگردی کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور ہدایات سرحد پار سے دی جاتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا دہشتگردی میں ہمسایہ ممالک کے بعض دشمن عناصر کی معاونت بھی شامل ہے، دہشتگرد نمازیوں، بچوں، خواتین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بلا امتیاز نشانہ بنا رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل اور صورت کے خلاف غیرمتزلزل عزم رکھتا ہے، پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اعادہ کیا، کشمیری عوام ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں اور من مانی گرفتاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔
انھوں نے کہا فلسطینی عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کی مشکلات پر پاکستان کو تشویش ہے، فلسطینیوں کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور حق خودارادیت سے محرومی کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:ترکیے نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا عالمی برادری دہشتگردی کے متاثرین اور بچ جانے والوں کی بلاامتیاز حمایت کرے، دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون اور مکالمے کو بلاامتیاز، غیرجانبداری اور دہرے معیار سے پاک بنانے پر زور دے۔













جمعہ 21 اگست 2026 

