ایران میں ایندھن کی قلت، پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں

Calender Icon منگل 25 اگست 2026

ایران (Iran)میں ایندھن کی قلت کے خدشات بڑھنے لگے ہیں، امریکی دباؤ کے باعث ایندھن کی درآمد متاثر ہونے کے ساتھ دارالحکومت تہران کے پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے میں آرہی ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق ایران کو ایندھن کی بڑھتی ہوئی قلت کا سامنا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے درآمدات تک رسائی محدود کیے جانے کے باعث ملک میں پٹرول کی فراہمی پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ایران کے سرکاری اخبار ’ہمشہری‘ نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ تہران کے مختلف پٹرول اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہری ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے باعث اپنے ٹینک معمول سے پہلے ہی بھرانے کے لیے پٹرول پمپس کا رخ کر رہے ہیں۔

صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بعض ڈرائیور گاڑی کا ٹینک نصف سے بھی کم خالی ہونے کے باوجود دوبارہ پٹرول بھروانے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:معروف آئسکریم برانڈ کے اسٹور پر کارروائی، 3 ہزار کلو فنگس زدہ آئسکریم تلف

ایندھن کی قلت ایران کے لیے ایک حساس معاملہ ہے کیونکہ ماضی میں پٹرول کی قیمتوں اور فراہمی سے متعلق مسائل ملک میں عوامی بے چینی اور احتجاج کا سبب بن چکے ہیں۔

امریکی دباؤ کے نتیجے میں ایران کے لیے ایندھن کی درآمدات اور رسد پر بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث آنے والے دنوں میں پٹرول کی دستیابی اور قیمتیں اہم موضوع بن گئی ہیں۔

تہران میں پٹرول پمپس پر بڑھتا ہوا رش اس بات کی علامت قرار دیا جارہا ہے کہ شہری ممکنہ قیمتوں میں اضافے یا ایندھن کی مزید قلت سے پہلے ہی اپنی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔