لندن : برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تاریخی ملاقات کی، جس میں کرکٹ کے فروغ، باہمی تعلقات اور پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کی پیش رفت سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ یہ اہم اور پروقار تقریب شاہی خاندان کی تاریخی اور معروف رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس لندن میں منعقد ہوئی۔
اس خصوصی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اراکین اور ٹیم آفیشلز نے بھی شاہ چارلس سے ملاقات کی۔ برطانوی بادشاہ نے پاکستانی کھلاڑیوں سے گرم جوشی سے گفتگو کی اور کھیلوں کے میدان میں ان کی کاوشوں اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی قیادت اور چیئرمین محسن نقوی کی موجودگی نے اسے سفارتی اور کھیلوں کے لحاظ سے ایک یادگار موقع بنا دیا۔
ملاقات کے دوران شاہ چارلس اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے درمیان جہاں کرکٹ کے باہمی فروغ اور بین الاقوامی کھیل کے مستقبل پر بات چیت ہوئی، وہیں پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا موضوع بھی زیرِ بحث آیا۔ شاہ چارلس نے پاکستان میں امن و امان کی مستقل بحالی، سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اور خطے میں استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔
پی سی بی چیئرمین اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شاہی خاندان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی شاہی خاندان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ شاہ چارلس کا پاکستان اور اس کے کھیل سے لگاؤ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق شاہی رہائش گاہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کی اعلیٰ قیادت کی اس ملاقات سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ ملے گا، بلکہ پاکستان میں کھیل کی محفوظ اور سازگار فضائیہ کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی حاصل ہو گی۔













بدھ 2 ستمبر 2026 

