وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر آرکیڈ گیمز متعارف: تارکینِ وطن گرفتار کرکے سرحدی دیوار بنائیں

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) کی انتظامیہ نے وائٹ ہاؤس کی سرکاری ویب سائٹ پر بچوں اور بڑوں کے کھیلنے کے لیے کئی نئے آرکیڈ طرز کے ویڈیو گیمز متعارف کرائے ہیں.

ان گیمز میں کچھ ایسے کھیل بھی شامل ہیں جن میں صارفین کو سرحد پار غیر قانونی تارکین وطن کو پکڑنے اور سرحد پر دیوار کھڑی کرنے جیسے کام سونپے گئے ہیں، جنہیں انتظامیہ اپنی پالیسیوں کی تشہیر کا ایک نیا اور منفرد انداز قرار دے رہی ہے۔

امریکی میڈیا ادارے سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس نے جمعرات کو یہ گیمز اپنی ویب سائٹ پر شامل کیے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد حکومت کی ترجیحات اور صدر ٹرمپ کے سیاسی پیغام کو ایک تفریحی انداز میں لوگوں تک پہنچانا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اس آن لائن پورٹل پر کئی طرح کے گیمز رکھے گئے ہیں جن میں سے ایک کا نام ’ریو رن‘ رکھا گیا ہے۔

اس گیم میں کھیلنے والے کو دریائے ریو گرانڈے کے کنارے گشت کرنا ہوتا ہے اور زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے وہاں سے گزرنے والے افراد کو پکڑ کر ملک بدر کرنا دکھایا جاتا ہے۔ جتنے زیادہ افراد پکڑے جائیں، کھلاڑی کا اسکور اتنا ہی بڑھتا ہے۔

اس گیم میں جب کھلاڑی کسی شخص کو پکڑتا ہے تو وہ اچانک نارنجی رنگ کے قیدیوں والے لباس میں تبدیل ہو جاتا ہے اور کھلاڑی کے پیچھے چلنے لگتا ہے۔


اسی سلسلے کا ایک اور گیم ’بلڈ دی وال‘ کے نام سے ہے اس میں صارفین کو اینٹیں جوڑ کر سرحدی دیوار بنانے اور ایک فرضی ’’زومبی بارڈر سیج‘‘ کے خلاف سرحد کو محفوظ رکھنے کا کام دیا جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں:روس کا ایران سے دوری اختیار کرنے سے انکار، اسرائیل کو تہران پر امریکی معاشی دباؤ پر تشویش

اس کے علاوہ ویب سائٹ پر موجود دیگر گیمز میں ایک کھیل میں صارف کو امریکی قومی پرندے عقاب کو نیشنل مال کے اوپر اڑانے کا موقع ملتا ہے، جبکہ ایک اور کھیل میں ہیرے اور نقد رقم جمع کرکے ’کڈز ٹرمپ اکاؤنٹس‘ میں رقم بڑھانے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

حکومتی فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے ایک وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تفریح اور کامیابی کے کلوک کو اجاگر کرنا ہے تاکہ لوگوں کو ڈیموکریٹس کے تاریک تصور سے ہٹ کر ایک مثبت ماحول فراہم کیا جا سکے۔

سی این این کی ایک رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کے بارے میں ایک عہدیدار نے کہا تھا، ’ویب سائٹ بہت سے طریقوں سے معلومات فراہم کرتی ہے، لیکن یہ ہمارے پیغام کو آگے بڑھانے کا ذریعہ بھی ہے اور ہم اسے اس انداز میں استعمال کر سکتے ہیں جس کی کوئی دوسری انتظامیہ نہیں کر سکی۔‘

یوں وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعارف کرائے گئے یہ گیمز محض تفریح تک محدود نہیں بلکہ انہیں ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی اور سیاسی پیغام کو عوام تک پہنچانے کے ایک نئے انداز کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔