انگلش کرکٹر کی مسلسل 2 میچز میں ہیٹ ٹرک، وسیم اکرم کے ہم پلہ آگئے

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

سسیکس کاؤنٹی کے فاسٹ بولر ہنری کروکومب نے ایک ہفتے کے دوران مسلسل دو فرسٹ کلاس میچز میں ہیٹ ٹرک کرکے پاکستان کے سابق عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم سمیت منفرد فہرست میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق ہنری کروکومب نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے مسلسل دو میچز میں ہیٹ ٹرک مکمل کیں۔

اگست کے آخری ہفتے میں سمرسیٹ کے خلاف میچ کے دوران کروکومب نے کریگ اوورٹن کو 54 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد مائیکل پریٹوریئس اور جیک لیچ کو پویلین کی راہ دکھا کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

ان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سمرسیٹ کی ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ سسیکس نے پہلی اننگز میں برتری حاصل کی، تاہم میچ ڈرا پر ختم ہوا۔

اس کے بعد 3 ستمبر کو ایسیکس کے خلاف میچ کے دوسرے روز ہنری کروکومب نے ایک مرتبہ پھر تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے سائمن ہارمر کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد زمان اختر اور شین سنٹر کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی دوسری مسلسل ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

کروکومب کی شاندار بولنگ کے باعث ایسیکس کی ٹیم 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ سسیکس نے پہلی اننگز میں 98 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

اس کارنامے کے ساتھ ہنری کروکومب فرسٹ کلاس کرکٹ میں مسلسل دو میچز میں ہیٹ ٹرک کرنے والے ساتویں بولر بن گئے ہیں۔

ان سے قبل 1868 میں جورج فریمن، 1963 میں جوگندر راؤ، 1979 میں مائیک پروکٹر، 1996 میں ڈین ہیڈلی، 1999 میں پاکستان کے وسیم اکرم اور 2024 میں دیپک دھاپولا یہ منفرد کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔