یومِ دفاع و شہداء(Defense and Martyrs Day) کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے 72 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے 72 کیڈٹس پر مشتمل دستے نے حصہ لیا، جس میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔
تقریب کے دوران کیڈٹس نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک بھر میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک اہم تقریب ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرات اور عزم کی لازوال علامت ہے۔
مسلح افواج کے مطابق 1965 کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر کھڑی ہوئی اور شہداء نے فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔
مسلح افواج نے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے گہری عقیدت و تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ شہداء کے خاندان عزم، حوصلے اور استقامت کی علامت ہیں۔
مزیدپڑھیں:بجلی میٹر کی ریڈ لائٹ تیز چمک رہی ہے؟ پہلے یہ چیز چیک کریں
پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے بھی شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسلح افواج نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مسلح افواج مکمل تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا پابند ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا امن اور بقائے باہمی کا عزم کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قوم کے شانہ بشانہ اپنی مقدس ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، عزت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔
پاکستان آرمڈ فورسز زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔













اتوار 6 ستمبر 2026 

