انڈونیشیا(Indonesia) میں 243 افراد کو لے کر سفر کرنے والی مسافر بردار کشتی سمندر میں لاپتا ہوگئی، تاہم ریسکیو حکام نے 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
انڈونیشیا کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق مسافر بردار جہاز ورگو ٹرانسپورٹ 8 ہفتے کے روز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے جنوبی کالیمانتان کے شہر بنجارماسن کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم خراب موسم کے دوران اتوار کی صبح جاوا سمندر میں اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
ریسکیو ایجنسی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ سمندر میں لاپتا ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد جہاز میں سوار 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریسکیو کارروائی کے دوران جہاز سے دوبارہ رابطہ قائم نہیں ہوسکا اور اس وقت اس کے مقام کا بھی علم نہیں ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے جہاز کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے اور ایک ٹیم کو کشتی کے آخری معلوم مقام کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:بیرون ملک پڑھائی کا خواب: مڈل کلاس طلباء کے لیے وظائف اور اسکالرشپ کا آسان طریقہ
انڈونیشیا تقریباً 17 ہزار جزائر پر مشتمل ملک ہے جہاں ایک جزیرے سے دوسرے جزیرے تک سفر کے لیے فیری اور مسافر بردار کشتیاں نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہیں۔ سمندری سفر فضائی سفر کے مقابلے میں زیادہ سستا اور عام لوگوں کے لیے آسان سمجھا جاتا ہے۔
تاہم ملک میں سمندری سفر کے حفاظتی معیار پر ہمیشہ سختی سے عمل درآمد نہ ہونے کے باعث کشتیوں اور فیری کے حادثات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔
حکام کی جانب سے لاپتا جہاز اور اس میں موجود دیگر افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔













اتوار 13 ستمبر 2026 

