کراچی: کیرج فیکٹری اسلام آباد(Islamabad) میں جدید سفری سہولتوں سے آراستہ قراقرم ایکسپریس اور جناح پیپلز ٹرین تیار کر دی گئی، جب کہ قراقرم ایکسپریس کا ریک کامیابی کے ساتھ کیرج فیکٹری سے لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کیرج فیکٹری اسلام کے دورے میں اپ گریڈڈ ریک کا تفصیلی معائنہ کیا، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فیکٹری میں قراقرم ایکسپریس اور حکومت بلوچستان کے لیے خصوصی طور پر تیار کی جانے والی جناح پیپلز ٹرین کی مرحلہ وار تیاری اور اپ گریڈڈ ورژن کا معائنہ کیا۔
انھوں نے ورکرز اور مزدوروں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش مزدور پاکستان ریلوے کی اصل طاقت اور ادارے کی ترقی کی بنیاد ہیں۔
مزیدپڑھیں:واٹس ایپ صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، نیا فیچر سامنے آگیا
وفاقی وزیر نے ٹرین کے ڈبوں میں جا کر سہولت کا معائنہ کیا اور ریلوے حکام کی مؤثر کارکردگی کو سراہا، انھوں نے کہا کہ کیرج فیکٹری اسلام آباد میں ہونے والا عالمی معیار کا کام جدید کوچز کی تیاری میں اپنی مثال آپ ہے، جہاں ٹرینوں کے اپ گریڈڈ ریکس پر کام جاری ہے، تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق جدید اور معیاری کوچز کی تیاری کے لیے کیرج فیکٹری اسلام آباد میں سی پیک کے تحت 230 نئی کوچز کی تیاری پر خاطر خواہ کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ فیکٹری میں 7 بڑے ڈپارٹمنٹس ہیں، جو سالانہ 120 مسافر کوچز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی تجارت و روابط کے لیے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جز ہے۔













اتوار 20 ستمبر 2026 

