کراچی: ڈاکٹر سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی پراسرار موت

Calender Icon اتوار 20 ستمبر 2026

کراچی: شہر قائد کے علاقے احسن آباد میں فلیٹ سے ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق احسن آباد کے علاقے سے ملنے والی پانچوں لاشیں کئی روز پرانی ہیں اور ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کے ایک کمرے سے ملی ہیں۔ فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو گھر کے کفیل تھے۔ پانچوں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر پولیس نے خودکشی کے امکان کو بھی مدنظر رکھا ہے تاہم حتمی وجہ تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہوگی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کر لیں اور مکمل تحقیقات کرکے حتمی نتائج پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل سستا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی ایسٹ اپنی نگرانی میں واقعے کی تفتیش کو مؤثر اور مربوط بنائیں، واقعے کی لمحہ بہ لمحہ تفتیش اور پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔