بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کے لیے مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ جاری

Calender Icon اتوار 27 ستمبر 2026

بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام (BISP ) نے مستحق خواتین کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے مفت سم کے حصول کا باضابطہ اورمحفوظ طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ خواتین یہ سم کسی فرنچائز یا دکاندار کے بجائے صرف سرکاری دفاتر سے ہی حاصل کریں۔

’بی آئی ایس پی‘ کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی جانب سے مستحق خواتین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ایک خصوصی معلوماتی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، مستحق خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی مفت سم کے حصول کے لیے اپنے قریبی ’بی آئی ایس پی‘ دفتر سے رجوع کریں۔

اس عمل کو باآسانی مکمل کرنے کے لیے خواتین کے پاس اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:اب آپ کو عدالت میں جواب دینا پڑےگا، کیپٹن (ر) صفدر کا احسن بھون کو جواب، مزید سوالات اٹھا دیے

دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے سخت انتباہ

انتظامیہ نے جعل سازی اور فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر مستحقین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص سے ہرگز رابطہ نہ کریں۔

خواتین کو سختی سے منع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی فرنچائز، ریٹیلر یا کسی غیر مجاز نمائندے سے یہ سم وصول یا ایکٹیویٹ نہ کروائیں۔

سم کی فراہمی اور ایکٹیویشن کا تمام تر عمل صرف اور صرف ’بی آئی ایس پی‘ کے قائم کردہ سرکاری دفاتر میں ہی سرانجام دیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی خرد برد سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ سال 2008 میں شروع کیا جانے والا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام حکومت پاکستان کا ایک انتہائی اہم سماجی فلاحی منصوبہ ہے، جو لاکھوں غریب اور نادار خاندانوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔

حالیہ عرصے میں مالیاتی شفافیت کو یقینی بنانے اور مستحقین تک رقوم کی براہ راست اور محفوظ ترسیل کے لیے مفت سمز کی فراہمی کا یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

 اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں مڈل مین یا جعل سازوں کی لوٹ مار سے مکمل طور پر محفوظ رکھنا ہے۔