اسلام آباد: چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کی انسدادِ منشیات کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکیورٹی آپریشن کے دوران پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 750 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔
سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور دیگر جرائم کی روک تھام کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بحیرۂ عرب بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، اس لیے یہاں غیر قانونی سرگرمیوں کا تدارک علاقائی اور عالمی سلامتی سے براہ راست منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت انٹیلی جنس، مؤثر سمندری نگرانی اور اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ نوجوان نسل، معاشرے اور معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے ساتھ عالمی ذمہ داری بھی ہیں۔
مزید پڑھیں:لاہور، گلبرگ میں غیرملکی لڑکی سے مبینہ زیادتی، 3 ملزمان گرفتار
سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ منظم جرائم اور منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے سدباب میں بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان اپنی سمندری حدود کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔













اتوار 27 ستمبر 2026 

