بھارت: تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونیوالے بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیاں تقسیم

Calender Icon منگل 29 ستمبر 2026

بھارتی ریاست تامل ناڈو(Tamil Nadu) میں حال ہی میں سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم شروع کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال جون میں اداکار سے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے والے سی جوزف وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے نومولود بچے ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی حاصل کرنے کے اہل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس اسکیم کے تحت اب تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں پیداہونے والے بچوں میں سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔

تامل ناڈو حکومت کے مطابق اس اسکیم کا ایک مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی شرح میں اضافہ کرنا اور ریاست کے طبی اداروں پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

مزیدپڑھیں:ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان یکم اکتوبر کو متوقع

دوسری جانب اس اسکیم کو تامل ناڈو میں اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بی جے پی کی رکن تمیلیسائی سوندار راجن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ نومولود بچے کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اقدام بظاہر خوش آئند ہوسکتا ہے، تاہم خاندانوں کو روزانہ کی بنیاد پر بنیادی غذائی ضروریات تک قابلِ اعتماد رسائی کی زیادہ فوری ضرورت ہے۔