پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و پروڈیوسر سعود قاسمی(Saud Qasmi) نے ٹی وی میزبان نادیہ خان ’فسادن‘ قرار دیتے ہوئےالزام عائد کیا ہے کہ وہ فنکاروں کے درمیان اختلافات اور لڑائیوں کو ہوا دیتی ہیں۔
سعود قاسمی نے حال ہی میں واسع چوہدری کے پروگرام ’گپ شب‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے ٹیلی ویژن پر ایک دوسرے کی تضحیک اور متنازع گفتگو کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اظہارِ خیال کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں ایک خاتون میزبان ایسی ہیں جو متنازع سوالات کرتی ہیں اور ماضی میں بھی ان کی وجہ سے کئی تنازعات نے جنم لیا۔ انہوں نے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ میزبان نے عامر عدنان کی بیٹی سے بھی ایک نامناسب سوال کیا جو نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سعود قاسمی نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی نادیہ خان نے ہمایوں سعید کے حوالے سے عتیقہ اوڈھو سے متعلق ایسی بات کی تھی جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ ان کے مطابق اس طرح کی گفتگو کا مقصد دو افراد کے درمیان نفرت پیدا کرنا ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں:لاہور میں آوارہ کتے نے میو اسپتال کے ڈاکٹر پر حملہ کردیا، ڈاکٹر زخمی
انہوں نے مزید کہا کہ نادیہ خان نے انڈسٹری میں فساد پھیلا رکھا ہے، پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فنکار ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور کسی بھی تنازع کو مزید ہوا دینے کے بجائے اسے وقت کے ساتھ ختم ہونے دینا چاہیے کیونکہ اکثر ایسے معاملات چند دنوں میں خود ہی ختم ہوجاتے ہیں۔
دوسری جانب سعود قاسمی کے بیان پر نادیہ خان نے بھی سوشل میڈیا پر فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
نادیہ خان نے کہا ”دوستو، اس بیچارے کے ساتھ ذرا نرمی کریں یہ جھوٹی کہانیاں بنا رہے ہیں۔ ان کی کہانیاں الٹا ان ہی کے خلاف چلی گئیں اور ان کے اپنے کمنٹ سیکشن میں لوگ بھی ان کے خلاف ہوگئے۔“

نادیہ خان نے واسع چوہدری کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”دو منٹ کی شہرت اور ٹی آر پی حاصل کرنے کے لیے سستی چالیں چلنا بند کریں، کیونکہ عمران اشرف کا ’مذاق رات‘ آپ کے شو سے زیادہ کامیاب رہے گا۔“

سعود قاسمی اور نادیہ خان کے درمیان یہ لفظی جنگ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے جہاں صارفین دونوں شخصیات کے بیانات پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔













بدھ 7 اکتوبر 2026 

