اسکاٹ لینڈ اور ہیمپشائر کے فاسٹ بولر بریڈ وہیل نے مسلسل انجریز کے باعث 30 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
بریڈ وہیل نے 2016 میں ہانگ کانگ کے خلاف اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹس میں مجموعی طور پر 44 میچز میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کی۔ ان کا آخری بین الاقوامی ایونٹ رواں سال بھارت میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا۔
بریڈ وہیل نے اپنے بیان میں کہا کہ ہیمپشائر اور اسکاٹ لینڈ کی جانب سے پروفیشنل کرکٹر کے طور پر کھیلنا ان کے لیے اعزاز رہا تاہم بار بار ہونے والی انجریز نے انہیں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے پر مجبور کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن وہ اس پر مطمئن ہیں۔ انہیں کمر میں 4 مرتبہ اسٹریس فریکچر ہوئے جبکہ حال ہی میں گھٹنے کی سرجری بھی کرانا پڑی۔ ان کے مطابق اب ان کا جسم فاسٹ بولنگ کے تقاضوں کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتا۔
بریڈ وہیل نے 2015 میں ہیمپشائر کی جانب سے پروفیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور مختلف فارمیٹس میں کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 131 میچز کھیلے۔
وہ ہیمپشائر کی جانب سے 2 ٹرافیاں جیتنے والی ٹیموں کا حصہ بھی رہے۔ کاؤنٹی نے 2018 میں رائل لندن ون ڈے کپ اور 2022 میں وائٹیلٹی بلاسٹ کا ٹائٹل جیتا تھا۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں بریڈ وہیل کی بہترین بولنگ 2016 میں ناٹنگھم شائر کے خلاف رہی جب انہوں نے 51 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ 2023 کے ون ڈے کپ میں لنکاشائر کے خلاف انہوں نے 47 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بریڈ وہیل کے کیریئر کے نمایاں لمحات میں 4 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی شامل ہے۔ ان کا پہلا ایونٹ 2022 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا، جبکہ 2026 کے ایونٹ میں انہوں نے تین میچز کھیلے۔ ان میں کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد ہونے والی شکست بھی شامل تھی۔
انہوں نے کہا کہ چار ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے خوش قسمتی کی بات تھی اور اس دوران انہیں یادگار تجربات حاصل ہوئے۔ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ بننے والی دوستی اور ڈریسنگ روم میں گزارے گئے لمحات انہیں سب سے زیادہ یاد آئیں گے۔
انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، معاون عملے اور اسکاٹ لینڈ کے مداحوں کا شکریہ ادا کیا خصوصاً ان شائقین کا جو ٹیم کی حمایت کے لیے دنیا بھر میں سفر کرتے رہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ آف پرفارمنس اسٹیو اسنیل نے کہا کہ بریڈ وہیل نے گزشتہ دہائی کے دوران اسکاٹش کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا اور بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی پیش رفت میں اہم حصہ ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہیل اپنے بین الاقوامی کیریئر پر فخر کرسکتے ہیں جبکہ کرکٹ اسکاٹ لینڈ ان کی خدمات اور عزم پر ان کا شکر گزار ہے۔
ہیمپشائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ جائلز وائٹ نے کہا کہ وہیل گزشتہ دہائی کے دوران کلب کے لیے بہترین کھلاڑی ثابت ہوئے، تاہم انجری کے باعث ان کا کیریئر قبل از وقت ختم ہونے پر کلب کو افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہیل تمام فارمیٹس میں قابلِ اعتماد کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی تھے اور کلب کی ون ڈے ٹرافیاں جیتنے اور چیمپئن شپ میں نمایاں مقام کے لیے جدوجہد میں ان کا اہم کردار رہا۔













اتوار 18 اکتوبر 2026 

