سکھر بیراج پر کسٹمز کی بڑی کارروائی، 5 کروڑ سے زائد کا سامان برآمد

Calender Icon منگل 20 اکتوبر 2026

اسلام آباد/سکھر: کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) انڈس نے سکھر بیراج پر اسمگلنگ کی ایک بڑی اور منظم کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا ہے۔ چیف کلکٹر (انفورسمنٹ) اور کلکٹر، کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) انڈس کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کی گئی اس شاندار کارروائی کے دوران غیر ملکی برانڈڈ شراب، چینی سگریٹ اور دیگر ممنوعہ اشیاء قبضے میں لے کر ٹرک کے ڈرائیور اور ہیلپر (کلینر) کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حاصل شدہ تفصیلات کے مطابق، نو قائم شدہ کلکٹریٹ نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تمام اہم اور حساس مقامات پر نگرانی انتہائی سخت کر رکھی ہے۔ اسی سلسلے میں 19 اکتوبر 2026 کو ڈی ای ایس سکھر بیراج کے عملے نے ناکہ بندی کے دوران کراچی سے اسلام آباد جانے والے ایک خصوصاً تیار کردہ فوٹون آمارک M290-T ریفریجریٹڈ ٹرک کو تلاشی کے لیے روکا۔

ٹرک کی ظاہری معائنے کے دوران ایسا ظاہر کیا گیا تھا کہ اس میں خوراک کی عام اشیاء (Food items) منتقل کی جا رہی ہیں۔ تاہم، کسٹمز عملے نے جب باریک بینی سے گہرا معائنہ کیا تو خوراک کی اشیاء کی آڑ میں چھپائی گئی غیر ملکی شراب اور چینی سگریٹوں کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کیے گئے غیر قانونی اور اسمگل شدہ سامان میںبلیک لیبل اسکاچ وہسکی: 700 ملی لیٹر کی 587 بوتلیں (جو 49 کارٹنوں میں پیک تھیں)۔چینی فین جیو شراب: 475 ملی لیٹر کی 408 بوتلیں (جو 34 کارٹنوں میں پیک تھیں)۔ڈبل ہیپی نیس سگریٹ: چین کے تیار کردہ 1,500 پیکٹ (جو 150 آؤٹرز میں پیک تھے)۔

حکام کے مطابق برآمد شدہ اسمگل شدہ سامان کی تخمینی مارکیٹ مالیت 3 کروڑ 51 لاکھ 98 ہزار 400 روپے ہے، جبکہ جدید فوٹون آمارک M290-T ریفریجریٹڈ ٹرک سمیت مجموعی مالیت 5 کروڑ 1 لاکھ 98 ہزار 400 روپے (تقریباً 5.20 کروڑ روپے) بنتی ہے۔ کسٹمز حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام مالیتیں فی الحال تخمینی ہیں جو حتمی تعینِ مالیت سے مشروط ہوں گی۔

کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) انڈس نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی معیشت کو اسمگلنگ کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے اور غیر قانونی اشیاء کی نقل و حرکت کے سدباب کے لیے ایسی کارروائیاں مزید تیز اور مؤثر بنائی جائیں گی۔