ایران کا بندر عباس میں امریکی لوکاس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

Calender Icon اتوار 25 اکتوبر 2026

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر امریکا کا لوکاس ڈرون مار گرایا ہے۔

ایران کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ امریکا اور ایران کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ہی صحافیوں سے گفتگو میں حملے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حملے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور شاید کل ہی ایسا کر دیں۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی ایران میں فضائی دفاعی یونٹس نے حاجی آباد کے قریب بندر عباس کی فضائی حدود میں دشمن کا لوکاس طرز کا طیارہ شناخت کرنے کے بعد تباہ کر دیا۔

ایرانی فوج کے مطابق ڈرون کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب فضائی دفاعی یونٹس دشمن کے حملوں کا جواب دینے اور ملکی فضائی حدود کی حفاظت میں مصروف تھے۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے ہمسایہ ممالک کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سرزمین یا تنصیبات امریکا یا کسی دوسرے فریق کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہ کرنے دیں۔ ایران پر حملے کی ”اصل جگہ اور لانچنگ پوائنٹ“ کو ایرانی مسلح افواج نشانہ بنائیں گی۔

خیال رہے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور قطر نے سفارتی سطح پر ثالثی کی کوششیں کیں۔

مزید پڑھیں:کفایت شعاری، پاکستان ریلوے میں 31 دسمبر تک ایمرجنسی نافذ

 ان کوششوں کے نتیجے میں جون میں دونوں ممالک کے درمیان اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے تھے، تاہم آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی سمیت دیگر معاملات کے باعث مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہوا۔