پی ٹی سی ایل (Pakistan Telecommunication Company Limited)کا ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار پرنے پر بیان سامنے آیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے اعلان کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو آئندہ ہفتے تک سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اے اے ای ون انٹرنیشنل سب بحری کیبل پر ہنگامی مرمت کے کام کے باعث 2 نومبر 2026 تک پیک آورز کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق اٹلی اور فرانس کے درمیان واقع کیبل پر مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دوران صارفین کو بالخصوص مصروف اوقات میں انٹرنیٹ سروس میں معمولی تنزلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے اس مرمتی کام کے دوران صارفین سے صبر اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
اے اے ای ون (AAE-1) کیبل کی اہمیت
ایشیا-افریقہ-یورپ 1 کیبل پاکستان کے بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے اہم ترین روٹس میں سے ایک ہے۔ تقریباً 25,000 کلومیٹر طویل یہ سسٹم جنوب مشرقی ایشیا کو مصر کے راستے یورپ سے ملاتا ہے اور پاکستان میں کراچی کے مقام پر لینڈ کرتا ہے۔
مزیدپڑھیں: 200 یونٹس بجلی کا رعایتی ٹیرف ختم کرنے کی تیاری، نیا ہدفی سبسڈی نظام متعارف کرایا جائیگا
پی ٹی سی ایل نے 2017 میں اس کے پاکستانی آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔ یہ کیبل یونان، اٹلی اور فرانس میں لینڈنگ پوائنٹس کے ذریعے ملک کو یورپ سے جوڑتی ہے۔
چونکہ مرمت کا یہ کام کیبل کے یورپی حصے پر جاری ہے، اس لیے صارفین کو یورپی ممالک میں ہوسٹ ہونے والی ویب سائٹس اور سروسز تک رسائی کے دوران شام کے مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار سست محسوس ہونے کا زیادہ امکان ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اے اے ای ون کیبل میں خرابی یا مرمت کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ جنوری 2025 میں بھی اس کیبل میں قطر کے قریب ایک خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کی وجہ سے پورے ملک میں تقریباً دو ہفتے تک انٹرنیٹ سست رفتار رہا تھا۔
بعد ازاں پی ٹی سی ایل نے اس خرابی کو دور کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، موجودہ مرمتی کام کے دوران اضافی بیک اپ بینڈ وڈتھ فراہم کرنے کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔













بدھ 28 اکتوبر 2026 

